بھٹکل:23؍ مئی (ایس اؤ نیوز)انجمن کے صدر نے ضلع اتر کنڑا کی مشہور ومعروف انجنئیرنگ کالج، انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ بھٹکل میں جدید تقاضوں اورطلبا کے مستقبل کو مزید بہتراور روشن بنانے کی طرف توجہ دیتےہوئے سال رواں سے شعبہ آرٹیفیشل انٹلی جنس اینڈ مشین لرننگ(Artificial Intelligence & Machine Learning) اور ڈیٹاسائنس(Data Science) جیسے نئے اہم کورسس اور ماسٹر ڈگری کورس ماسٹر آف کمپیوٹر ایپلی کیشن ایم سی اے (MCA) شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کالج میں منعقدہ پریس کانفرنس میں سوسالہ قدیم قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامئ مسلمین کے صدر نے بتایا کہ انجمن انجنئیرنگ کالج کے ابتداء میں سیویل، میکانیکل اور الکٹریکل شعبہ تھے پھر کمپیوٹر سائنس، الیکٹرانیکس، الیکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشن جیسے کورسس کو شامل کیاگیا ۔ اب زمانے کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتےہوئے ہمارے طلبا کے مستقبل کو بہتر بنانے کےلئے نئے کورسس کے طورپر AIاور ڈیٹا سائنس اور ماسٹر ڈگری کورس ایم سی اے کی شروعات کی جارہی ہے۔
صدرانجمن نے کہاکہ متعلقہ کورسس کےلئے مطلوبہ فیکلٹی سمیت دیگر لوازمات فراہم کئےجاچکے ہیں۔ کالج میں بہترین اساتذہ، لائبریری، لیباریٹری سمیت کئی طرح کی سہولیات طلبا کے لئے میسر ہیں۔ مجموعی طورپر طلبا کی تعلیم کےلئے یہاں ایک بہتر تعلیمی ماحول ہے جہاں ہمارےشہر کے علاوہ ریاست اور بیرونی ریاست کے طلبا بھی تعلیم حاصل کررہےہیں۔ پریس کانفرنس میں جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل، ایڈیشنل جنرل سکریٹری اسحاق شاہ بندری، کالج بورڈ سکریٹری محی الدین رکن الدین، نائب صدر محمد صادق پلور، کالج پرنسپل ڈاکٹر فضل الرحمن وغیرہ موجود تھے۔